ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / وائناڈ ضمنی انتخاب: پرینکا گاندھی نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، سونیا، راہل اور کھرگے سمیت اہم لیڈران شریک

وائناڈ ضمنی انتخاب: پرینکا گاندھی نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، سونیا، راہل اور کھرگے سمیت اہم لیڈران شریک

Wed, 23 Oct 2024 17:07:01    S.O. News Service

وائناڈ، 23/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا نے وائناڈ لوک سبھا سیٹ سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ اس موقع پر ان کے ساتھ کانگریس کی سینئر لیڈر سونیا گاندھی، پارٹی صدر ملکارجن کھرگے، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور رابرٹ واڈرا سمیت کئی دیگر اہم رہنما موجود تھے۔ یہ پرینکا گاندھی کا پہلا الیکشن ہوگا۔ وائناڈ لوک سبھا سیٹ پر ضمنی انتخاب 13 نومبر کو منعقد کیا جائے گا۔

پرینکا گاندھی نے بدھ کو اپنے کاغذات نامزدگی کے تین سیٹ جمع کئے۔ اس موقع پر پرینکا گاندھی کے شوہر رابرٹ واڈرا کے ساتھ ان کے صاحبزادے ریحان واڈرا بھی موجود تھے۔ پرینکا گاندھی کے کاغذات نامزدگی داخل کرتے وقت راہل گاندھی ضلع کلکٹر میگھ شری کے سامنے بھی موجود رہے۔ نامزدگی سے قبل پرینکا گاندھی نے وائناڈ میں ایک روڈ شو کا انعقاد کیا، جس میں علاقے کے لوگوں نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔

راہل گاندھی نے اپنے خطاب میں عوام کو ان کے حقوق کے بارے میں یاد دلایا اور وائناد کے لوگوں کے ساتھ اپنے تعلق کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وائناد ان کے دل کے قریب ہے اور یہاں کے لوگوں کی خدمت کرنا ان کا فرض ہے۔ انہوں نے اپنے امیدوار کے طور پر اپنی بہن پرینکا گاندھی کے لیے حمایت طلب کی اور ملک کی سیاسی اور سماجی مسائل پر زور دیا۔

پرینکا گاندھی وادرا نے وائناڈ میں کاغذات نامزدگی داخل کرنے سے پہلے روڈ شو کیا، جس میں لوگوں کا جم غفیر امنڈ پڑا۔ اس کے بعد انہوں نے عوامی جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’میں آپ کی حمایت کی درخواست کرنے آئی ہوں۔" انہوں نے بتایا کہ وہ پچھلے 35 سال سے مختلف انتخابات کے لیے اپنے والد، والدہ، اور بھائی کے لیے مہم چلاتی رہی ہیں لیکن یہ پہلی بار ہے جب وہ اپنے لیے حمایت مانگ رہی ہیں۔ انہوں نے کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں وائناڈ سے امیدوار بننے کا موقع دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب وہ 17 سال کی تھیں تو انہوں نے 1989 کے انتخابات میں اپنے والد کے لیے مہم چلائی تھی اور اب 35 سال بعد وہ اپنے لیے انتخابی مہم چلا رہی ہیں۔

کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا آج یعنی بدھ کو وایناڈ لوک سبھا ضمنی انتخاب کے لیے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرنے جا رہی ہیں۔ اس سے پہلے انہوں نے پارلیمانی حلقے میں روڈ شو شروع کیا۔ اس موقع پر کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، پارٹی کی سابق سربراہ سونیا گاندھی اور راہل گاندھی موجود ہیں۔ راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے صبح 11 بجے کے بعد کلپٹہ نیو بس اسٹینڈ سے روڈ شو شروع کیا۔ یہاں سے وہ ضلع کلکٹر کے سامنے نامزدگی داخل کریں گے۔ پرینکا گاندھی کے روڈ شو میں شوہر رابرٹ واڈرا بھی موجود تھے۔ پرینکا گاندھی نے روڈ شو شروع کر دیا ہے۔

لوک سبھا انتخابات 2024 میں رائے بریلی اور وائناڈ سے جیتنے کے بعد راہل گاندھی نے رائے بریلی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کی وجہ سے وائناڈ سیٹ خالی ہو گئی اور ضمنی انتخاب کی ضرورت پڑی۔

الیکشن کمیشن نے 15 اکتوبر کو 48 اسمبلی حلقوں اور دو پارلیمانی سیٹوں کے لیے ضمنی انتخابات کا اعلان کیا تھا۔ مہاراشٹر اور جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات کے ساتھ ساتھ یہ ضمنی انتخابات دو مرحلوں میں ہونے جا رہے ہیں۔

پہلے مرحلے کے لیے 13 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے، جس میں کیرالہ کی وائناڈ لوک سبھا سیٹ شامل ہے۔ اس کے ساتھ ہی دوسرے مرحلے کی ووٹنگ 20 نومبر کو ہونی ہے، جس کے دوران اتراکھنڈ کی کیدارناتھ اسمبلی سیٹ اور مہاراشٹر کی ناندیڑ لوک سبھا سیٹ کے لیے ووٹنگ ہوگی۔ اس کے بعد 23 نومبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی اور نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا۔


Share: